محمد ابراھیم (چیئرمین ایپکا ضلع مردان)
تاحیات چئیرمین ایپکا ضلع مردان جناب محمد ابراھیم صاحب نے آج بروزِ ہفتہ 29 مارچ 2025 کو ڈیپارٹمنٹ کو خیرباد کہہ دیا۔ چئیرمین صاحب تقریباً 39 سال اور 5 ماہ محکمہِ تعلیم کی خدمت کرکے آج ریٹائر ہوگئے۔ ویسے تو ریٹائر وہ 31 مارچ 2025 کو ہونگے لیکن 30 مارچ کو اتوار اور 31 کو پھر عید کا دن ہے لہٰذا ڈیوٹی پر ان کا آج آخری دن
(Working Day)
تھا۔ 06 نومبر 1985 سے تقریباً 20 سال کی عمر میں جونئیر کلرک کے عہدے سے شروع کیا ہوا سفر آج بجٹ اینڈ اکاونٹس آفیسر کے عہدے پر 60 سال کی عمر میں تمام ہوا۔ پہلا اپوائنٹمنٹ گورنمنٹ ہائی سکول جلبی صوابی میں ہوا۔ 1987 میں گورنمنٹ ہائی سکول چمتار ٹرانسفر ہوگیا تھوڑا سا عرصہ گورنمنٹ ہائی سکول چمتار میں گزار کر 1987 میں ہی ڈی-ای-او (میل) مردان آگئے اور اسکے بعد ساری ملازمت مختلف دفاتر میں کی۔ سارا سروس انہوں نے مردانہ/میل سائیڈ پر کی بس صرف آخر میں سپرٹینڈنٹ کے پوسٹ پر فیمیل سائیڈ (ایس-ڈی-ای-او،،،،فیمیل، مردان) میں نہ چاہتے ہوئے ایڈجسٹ کیے گئے۔ ہمیشہ ایمانداری اور فرض شناسی کیساتھ اپنی ڈیوٹی نبھائی اور کبھی اپنی عزت پر آنچ نہیں آنے دی اور دوسروں کو بھی ہمیشہ ایمانداری اور خلوصِ دل سے ڈیوٹی انجام دینے کی تلقین کی۔ ہمیشہ کرپشن اور بے ایمانی کے سخت خلاف رہے۔ کبھی غلط لوگوں کا ساتھ نہیں دیا۔ کئی موقعوں پر تو انکو اختیار دیا گیا کہ آپ جسے چاہو بھرتی کرسکتے ہو لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا موقع کا فائدہ نہیں اٹھایا بلکہ ایسے ہتھکنڈوں سے خود کو دور رکھا۔
آج چُھٹی سے کچھ دیر پہلے اپنے دفتر ایس-ڈی-ای-او (فیمیل)مردان میں چیئرمین صاحب نے اپنے کولیگز کو جمع کرکے آخری لمحات ان کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے گزارے اور بات کرتے کرتے آخر میں آبدیدہ ہوگئے اس موقع پر دی گریٹ افریدی خان مایار صدر ایپکا ضلع مردان بھی موجود تھے اور دفتر کے کولیگز جناب جلال صاحب سینیئر کلرک، جناب زبیر صاحب سینیئر کلرک، جناب سعد علی شاہ جونیئر کلرک و دیگر بھی موجود رہے۔ چئیرمین صاحب نے اپنے سب کولیگز سے اپنے سخت الفاظ جو اگر کبھی غصے میں ان کے منہ سے نکلے ہوں اور کسی کی دل آزاری ہوئی ہو کیلئے بہت معذرت کی جو انھوں نے کبھی کی ہی نہیں کیونکہ سب نے یک زبان ہو کر کہا کہ آپ نے تو کبھی ایسی بات کی ہی نہیں جس پر اپ کو معذرت کرنی پڑے اور اگر کبھی تھوڑا غصہ کیا بھی ہو تو وہ بھی ہمارے بھلے کیلئے کیا ہوگا۔ اور پھر اپنی زندگی اور کیرئیر کے کئی ایسے دلچسپ حالات اور واقعات سے پردہ اٹھایا جو اس چھوٹے سے تحریر میں بیان کرنا ناممکن ہے بلکہ اس پر ایک کتاب لکھا جا سکتا ہے اور قائدینِ ایپکا ضلع مردان کتاب لکھنے کا عزم رکھتے بھی ہیں جس کا اظہار پچھلے اجلاس میں ہو بھی چکا ہے۔
بات کرتے ہوئے انہوں نے اپنی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ کلرک یونین کے حوالے سے بھی تفصیل بیان کی کہ یونین کیسے بنا اور انکا یونین سے کیسے واسطہ پڑا۔ جب سید ہدایت یار بخاری نے 1987 میں کلرک اپگریڈیشن کیلئے آواز اٹھائی تھی تب چیئرمین صاحب کلرک یونین آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کا حصہ بنے۔ اور کئی موقعوں پر کلرک برادری کیلئے قربانیاں دیں۔ کلرک اپگریڈیشن اور دوسرے کئی مسائل کیلئے کئی بڑے لوگوں کا ساتھ دیا اور کئی بڑے لوگوں کا ساتھ چھوڑا بھی۔ اپنے گھریلو مسائل اور زمہ داریوں کی پرواہ کیے بغیر ایپکا کیلئے قربانیاں دیتے رہے اور آہستہ آہستہ پورے صوبے میں انکی گونج سنائی دینے لگی۔ دیکھتے ہی دیکھتے صوبائی سطح پرجناب ابراھیم اعتماد اور ثابت قدمی کا ایک نام بن گیا اور اللّٰہ تبارک و تعالیٰ نے ایسی عزت بخشی جو ابھی تک قائم ہے اور رہے گا۔ اور آج تک اِنہی کی بدولت مردان کلرک برادری کے کئی مسائل حل ہو جاتے ہیں۔
ہدایت یار بخاری کے بعد خلیل الرحمان نامی ڈی سی ریڈر کے ساتھ مل کر ایپکا کیلئے کام کرتے رہے۔ خلیل الرحمان کے بعد ہمایوں نامی ایک ایپکا قائد جو ڈی سی آفس میں ملازم تھے کیساتھ مل کر کلرک برادری کی خدمت کرتے رہے۔ ہمایوں کے انتقال کے بعد سجاد کلرک ڈی سی آفس کے ساتھ بھی کچھ عرصہ تک ساتھ رہے اور چئیرمین ایپکا پاکستان جناب اسلم خان صاحب کے ساتھ ملکر تو چئیرمین ایپکا ضلع مردان محمد ابراھیم صاحب نے کلرک برادری کو بہت کچھ دیا۔ کئی بار اختلافات بھی آئے لیکن پھر دوبارہ صلح ہوجاتی تھی۔ دونوں کا تانا بانا ایسا تھا کہ ایک دوسرے سے جدا ہونا ناممکن تھا۔ جناب الماس خان صاحب کا ذکر بھی ضروری ہے کیونکہ محمد ابراھیم صاحب اور اسلم خان صاحب کے درمیان صلح جُو شخص الماس خان صاحب تھے۔ اور اسکے علاوہ دی گریٹ افریدی خان مایار صاحب کا بھی دونوں کے دوبارہ ایک ہونے میں بڑا کردار ہے
2014
کے اپگریڈیشن کے بعد چیئرمین محمد ابراھیم صاحب نے یہ کہہ کر ایپکا چھوڑ دیا کہ میرا مقصد اپگریڈیشن تھا جو پورا ہو گیا۔ کچھ عرصہ ایپکا تنظیم سے دور رہ کر ان کو کچھ کلرک درپیش مسائل کیوجہ سے دوبارہ صدر ایپکا ضلع مردان دی گریٹ افریدی خان مایار کے ساتھ مل کر ایپکا کا عَلَم اٹھایا اور ابھی تک اٹھائے ہوئے ہیں۔ اللّٰہ کرے یہ سفر چئیرمین ایپکا جناب محمد ابراھیم صاحب کا کلرک برادری کیساتھ اسی طرح چلتا رہے۔ اٰمین۔ آخر میں چئیرمین صاحب نے یہ کہہ کر دل جیت لیے کہ سارے کلرک بھائی مجھے ایک جیسے عزیز ہیں انکا تعلق چاہے کسی بھی تنظیم سے ہو کیونکہ ایپکا کا مقصد سیاست کرنا نہیں خدمت کرنا ہے صرف خدمت۔
ایپکا تنظیم چلاتے ہوئے چئیرمین صاحب کبھی اپنی ڈیوٹی سے غافل نہیں رہے۔ تنظیم کو بھی وقت دیا اور اپنی ڈیوٹی بھی پوری دیانت داری سے نبھایی۔ اگر کبھی کسی اجلاس وغیرہ سے واپس ڈیوٹی پر لوٹتے تو آفس میں اپنا کام ختم کیے بِنا گھر نہیں جاتے، اکثر رات گئے تک کام میں مصروف رہتے۔
تاحیات چیئرمین ایپکا ضلع مردان جناب محمد ابراھیم جیسے لوگ قسمت والوں کو ملتے ہیں اور ان قسمت والوں میں ہم خوش نصیب بھی شامل ہیں۔
اللّٰہ تبارک و تعالیٰ جناب محمد ابراھیم صاحب کی عمر دراز کرے اور انکا سایۂ ہمارے سروں پر قائم رکھے۔ اٰمین یا ربُّ العالمین۔۔۔

No comments:
Post a Comment